بھٹکل :29؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) ریاست بھر میں دومرحلوں میں انجام پائے گرام پنچایت انتخابات کی گنتی 30دسمبر 2020 بروز بدھ صبح 8بجے سے شروع ہوگی۔ بھٹکل تعلقہ کے 16گرام پنچایتوں کے امیدواروں کے ووٹنگ کی گنتی شہر کے گرو سدھیندراکالج میں ہونی ہے جس کے لئے پوری تیاریاں مکمل کرلئے جانے کی افسران نے جانکاری دی ۔
بھٹکل کے گرو سدھیندرا کالج میں ووٹوں کی گنتی کے لئے 8کمرے ، 30ٹیبل مختص کئے گئے ہیں ۔ جہاں 260عملہ کاؤنٹنگ انجام دے گا۔ بھٹکل تعلقہ کے 16گرام پنچایتوں کے لئےپہلے مرحلے میں 22دسمبر کو انتخابات ہوئے تھے۔جس میں 74.42فی صد پر امن پولنگ ہوئی تھی۔ انتخابی میدان میں 672 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں جن کی قسمت کا تالا بدھ کو کھلے گا۔ تعلقہ میں 46517مرد ،45109خواتین سمیت کل 91626رائے دہندگان میں سے 33612مرد، 34578خواتین سمیت کل 68190ووٹرس نے اپنے ووٹ کا استعمال کیا تھا۔
بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر بھرت ایس اور تحصیلدار روی چندر نے ووٹنگ سنٹر میں موجود رہ کر سبھی انتظامات کا معائنہ کرنے کے بعد اخبارنویسوں کو بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کے لئے ہر طرح کے انتظامات کرلئے گئےہیں۔ سنٹر میں امیدوار اور ایجنٹ کو موبائیل استعمال کرنےکی اجازت نہیں ہوگی۔ صبح 8بجے شرو ع ہونے والی گنتی شام 5بجے کے قریب نتائج کاپتہ چلنے کی بات کہی۔